ایران کے چیف مذاکرات کار اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے مؤقف کو عالمی سطح پر اہم قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ وہ پوپ لیو کی جانب سے بے خوفی کے ساتھ اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہنے کے عمل کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوپ لیو کے یہ الفاظ کہ “مجھے خوف نہیں” ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب دنیا میں جنگ اور تشدد کے خلاف آواز اٹھانے کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ چکی ہے۔
قالیباف کے مطابق پوپ لیو کا یہ پیغام نہ صرف ایک نعرہ ہے بلکہ ان تمام افراد کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بھی ہے جو بے گناہ انسانوں کے قتل عام پر خاموش رہنے سے انکار کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوپ کی قیادت دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو متاثر کرتی ہے، اور ایسے میں ان کا واضح اور جرات مندانہ مؤقف عالمی امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
