کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے الجزائر کے دورے کے دوران تاریخی جامع مسجد الجزائر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جوتے اتار کر خاموش مراقبہ کیا اور بین المذاہب احترام کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔
پوپ لیو کا مسجد آمد پر استقبال ریکٹر محمد مامون القاسم نے کیا، جبکہ اس موقع پر انہوں نے الجزائر سے تعلق رکھنے والے مسیحی مفکر آگسٹین آف ہپپو کے ساتھ اپنے روحانی و فکری تعلق کا بھی ذکر کیا۔
اپنے خطاب میں پوپ لیو نے کہا کہ خدا کی قربت کا حقیقی مطلب انسانیت کا احترام اور بقائے باہمی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان مکالمہ ہی پائیدار امن کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔
انہوں نے تمام اقوام کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں امن، انصاف اور باہمی معافی کے جذبے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
جامع مسجد الجزائر دنیا کی تیسری بڑی مساجد میں شمار ہوتی ہے، جسے سابق صدر عبدالعزیز بوتفلیکا کے دور میں تعمیر کیا گیا۔ اس مسجد میں بیک وقت ایک لاکھ بیس ہزار افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش ہے۔
اس عظیم مسجد کا 267 میٹر بلند مینار دنیا کے بلند ترین میناروں میں شامل ہے، جبکہ یہ عبادت کے ساتھ ساتھ ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں کا بھی اہم مرکز ہے، جہاں عجائب گھر اور دیگر سہولیات بھی موجود ہیں۔
