کراچی: کے الیکٹرک نے کہا ہےکہ اگر شہر کے کسی علاقے میں درجہ حرارت 45 ڈگری محسوس ہوا تو وہاں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔
کے الیکٹرک کے ہیڈ آف ڈسٹریبیوشن آپریشنز خرم عبداللّٰہ نے کہا کہ ہیٹ ویو کے باعث کے الیکٹرک نے مینٹیننس شٹ ڈاؤنز معطل کردیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی علاقے میں محسوس کیے جانے والا درجہ حرارت 45 ڈگری تک جاتا ہے تو وہاں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
پیرکو سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت اور مٹھی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، کراچی، سکھر، سبی، لسبیلہ اور ٹھٹھہ میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ ڈیرہ غازی خان، ملتان بہاولپور 40،لاہور 37، اسلام آباد ،کوئٹہ 34 اور پشاور میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
