ترکی اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں بہتری کے تسلسل میں دونوں ممالک کچھ شہریوں کے لیے ویزا شرائط ختم کرنے کے معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ معاہدہ بدھ کو انقرہ میں ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقات کے دوران متوقع ہے، جہاں ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان مشترکہ طور پر ترکی-سعودی رابطہ کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ معاہدہ ابتدائی طور پر سفارتی اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے سے متعلق ہوگا، جسے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دونوں ممالک کے تعلقات گزشتہ چند برسوں میں نمایاں طور پر بہتر ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ 2018 میں جمال خاشقجی کے قتل کے بعد انقرہ اور ریاض کے تعلقات شدید تناؤ کا شکار ہو گئے تھے، تاہم 2020 کے بعد دونوں ممالک نے سفارتی سطح پر تعلقات کی بحالی کے لیے اقدامات شروع کیے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ترک وزیر خارجہ اس موقع پر مشرقِ وسطیٰ کے مسائل کے حل کے لیے "علاقائی ملکیت” (regional ownership) کے اصول پر بھی زور دیں گے، جبکہ ایران سے متعلق جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کریں گے۔
مزید برآں آبنائے ہرمز میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں ترکی اس بات پر بھی زور دے گا کہ خطے میں کسی نئی اشتعال انگیزی سے گریز کیا جائے تاکہ صورتحال مزید خراب نہ ہو۔
