ستھرا پنجاب بہترین منصوبہ، بدعنوانی یا غفلت برداشت نہیں ہوگی: مریم نواز

ستھرا پنجاب کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ صفائی نصف ایمان ہے، صاف ماحول شہری کا بنیادی حق ہے، ستھرا پنجاب پروگرام سے زیادہ میرے دل کے قریب کوئی پروگرام نہیں، عوام کو صاف اور صحت مند ماحول دینا ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران میری آنکھ اور کان ہیں، صفائی ستھرائی سے حکومت کی کارکردگی کا پتہ چلتا ہے، ستھرا پنجاب پروگرام کیلئے تمام وسائل مہیا کئے گئے ہیں، ستھرا پروگرام میں بدعنوانی، بدانتظامی یاغفلت برداشت نہیں، ستھرا پنجاب پروگرام میں کبھی مداخلت نہیں کی، نہیں چاہتی اس منصوبے پر کوئی سیاسی دباؤ آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب کو 2 سال مکمل ہوگئے مگر قابل فخر کارکردگی نہیں، دفتر میں رہ کر سب بہتر لگتا ہے، باہر نکل کر دیکھا جائے کیا بہتر نہیں، بتائے بغیر اپنے ضلع میں وزٹ کیا جائے اور صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔

مریم نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب بہترین منصوبہ ہے، عالمی سطح پر اس کو سراہا گیا، ستھرا پنجاب سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا، ستھرا پنجاب کا ورکر ہر گلی، محلے اور شہر تک پہنچتا ہے، صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تنخواہ نہ ملنے پر احتجاج ورکرز کا حق ہے لیکن باہر آ کر فساد پھیلانا برداشت نہیں، پنجاب میں کسی کو بھی کسی قسم کی بدتمیزی کی اجازت نہیں ہے، گھوسٹ ملازمین کی نشاندہی آپ کی ذمہ داری ہے، دیہات اور شہر میں برابر کی ترقی ترجیح ہے، ورکرز کو اجرت بروقت ملنی چاہیے، افسران شکایات کو سنجیدگی سے لیں۔

انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے ایک لاکھ 75 ہزار ورکرز ہیں، عیدالاضحیٰ پر صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں، ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز کی کارکردگی کو جانچا جائے گا، ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز کیلئے یونیفام کی پابندی کرائی جائے۔

وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ کوئی کام آسان نہیں ہوتا، احساس ذمہ داری ہونا چاہیے، افسران صبح حاضر ہو کر میٹنگ کریں اور پھر ماحول کا جائزہ لینے باہر نکلیں، جو افسران کام نہیں کریں گے انہیں معطل کر دیا جائے گا کوئی معافی نہیں دی جائے گی، کام کرانے والے افسران کو تحائف دیئے جائیں گے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے