لاہور کتھک فیسٹیول 2026 کا آغاز آج 7 مئی بروز جمعرات سے لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں ہو رہا ہے۔ دو روزہ فیسٹیول شہر لاہور میں کلاسیکل رقص کی روایت کو جدید انداز میں پیش کرنے کا اہم ثقافتی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
فیسٹیول کا انعقاد کتھک سے وابستہ نوجوان فنکاروں اور ثقافتی تنظیموں کی جانب سے کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد کلاسیکی کتھک روایت کو نئی نسل سے جوڑنا اور ایک ہم عصر ثقافتی مکالمے کو فروغ دینا ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکر الحمرا محمد نواز گوندل نے اپنے بیان میں کہا کہ الحمرا ہمیشہ معیاری اور بامقصد ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سرگرم رہا ہے، جبکہ لاہور کتھک فیسٹیول جیسے اقدامات کلاسیکی فنون کو نئی جہت دینے کے ساتھ نوجوان فنکاروں کو اظہار کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔
فیسٹیول سے وابستہ فنکار مان سید کے مطابق تقریب میں معروف فنکاروں کے ساتھ نئی نسل کے پرفارمرز کو بھی اسٹیج دیا جا رہا ہے تاکہ فن اور ثقافت کے حوالے سے نئے مکالمے جنم لے سکیں۔
فیسٹیول کے دوران کتھک سے متعلق ورکشاپس، مباحثی سیشنز اور خصوصی پرفارمنسز بھی پروگرام کا حصہ ہوں گی، جن میں اس کلاسیکی رقص کے فنی، جمالیاتی اور سماجی پہلوؤں پر روشنی ڈالی جائے گی۔
