ناسا اور سپیس ایکس نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے نیا تجارتی سپلائی مشن کامیابی سے روانہ کر دیا ہے۔
چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق سپیس ایکس کا Dragon spacecraft تقریباً 6 ہزار 500 پاؤنڈ سامان لے کر امریکی ریاست Florida کے کیپ کینیورل اسپیس فورس اسٹیشن سے خلا کی جانب روانہ ہوا۔
ناسا کے مطابق ڈریگن خلائی جہاز اتوار کی صبح خودکار نظام کے تحت International Space Station سے منسلک ہو جائے گا۔
اس مشن کے ذریعے خلائی اسٹیشن میں موجود عملے کے لیے ضروری سامان، خوراک اور کئی اہم سائنسی تجربات بھی بھیجے جا رہے ہیں۔ ناسا کا کہنا ہے کہ مشن میں شامل جدید آلات زمین کے گرد موجود چارج شدہ ذرات، سیاروں کی تشکیل اور زمین و چاند سے منعکس ہونے والی سورج کی روشنی کے تفصیلی مطالعے میں مدد فراہم کریں گے۔
خلائی ادارے کے مطابق یہ آئی ایس ایس کے لیے سپیس ایکس کا 34واں تجارتی سپلائی مشن ہے۔ مشن کی روانگی خراب موسم کے باعث دو مرتبہ مؤخر کی گئی تھی تاہم بعد ازاں کامیابی کے ساتھ لانچ مکمل کر لیا گیا۔
