اقوامِ متحدہ میں پاکستانی کونسلر صائمہ سلیم نے کہا ہے کہ بھارت بیرونِ ملک دہشت گردی برآمد کرتا ہے اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرتا ہے۔
پاکستانی کونسلر صائمہ سلیم نے سلامتی کونسل میں بھارت کو سخت جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹی پی، بی ایل اے، مجید بریگیڈ بھارت کے پراکسی گروہ ہیں۔ افغان سرزمین سے حملوں کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر پر قبضہ چھپا نہیں سکتا، مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کو قتل، گرفتار اور بے دخل کیا جا رہا ہے۔ بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں پر ظلم معمول بن چکا ہے۔
پاکستانی کونسلر نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو بھارت نے معطل رکھا ہے۔ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرتا ہے۔ بھارت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے باعث دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا۔ پاکستان تنازعات کے پُرامن حل،بین الاقوامی قانون کی پاسداری پر یقین رکھتا ہے۔
