وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، تقریب میں وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، ایڈیشنل سیکرٹری اور وزارت داخلہ کے افسران اور حکام نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس سلسلے میں پاک سیکرٹریٹ آر بلاک میں دونوں ممالک کے پرچم لہرائے گئے، تقریب میں پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر شرکاء کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہر کڑے وقت میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا، اس مثالی دوستی کو ہم آگے بڑھائیں گے۔
طلال چودھری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ادوارِ حکومت میں ہمیشہ پاک چین دوستی پروان چڑھی ہے، سی پیک منصوبہ، اور جہاز سازی کے شعبہ میں تعاون پاکستان اور چین کی سٹریٹجک شراکت داری کی روشن مثال ہے۔
وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کو دنیا کے سامنے ایک مثالی اور قابل تقلید ماڈل کے طور پر پیش کیا جائے گا، تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی کی جانب سے یادگاری پودا بھی لگایا گیا۔
