ایران کے پارلیمانی اسپیکر محمد باقر قالیباف نے تہران میں پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کے دوران امریکا کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوبارہ جنگ چھیڑنے کی کوشش کی تو اس کے نتائج امریکا کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ تباہ کن ہوں گے۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران میں ہونے والی ملاقات میں خطے کی سکیورٹی صورتحال، ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی، اور سفارتی رابطوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی ذرائع کے مطابق باقر قالیباف نے گفتگو میں کہا کہ ایران اپنے قومی مفادات اور حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، خصوصاً ایسے فریق کے ساتھ جس پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی مسلح افواج نے جنگ بندی کے دوران اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا ہے اور اگر دوبارہ کوئی جارحیت کی گئی تو اس کا جواب پہلے سے زیادہ سخت ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے دورۂ تہران کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی استحکام، سکیورٹی تعاون اور ایران امریکا مذاکرات سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
ایرانی حکام کے مطابق پاکستان اس وقت ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں اہم ثالثی کردار ادا کر رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں میں اضافہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
اس سے قبل پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی متعدد بار تہران کا دورہ کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ مبصرین کے مطابق موجودہ ملاقاتوں کو ایران امریکا مذاکرات کے حساس مرحلے سے جوڑا جا رہا ہے۔
ٹیگز
Iran, Pakistan, AsimMunir, MohammadBagherGhalibaf, Tehran, IranUSRelations, DonaldTrump, AbbasAraghchi, MasoudPezeshkian, PakistanIranRelations, MiddleEast, Diplomacy, RegionalSecurity, IranNews, PakistanArmy, USIranTensions, MohsinNaqvi, Geopolitics, BreakingNews, UrduNews
