بیجنگ: چین نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
چینی خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے پیر کے روز اپنے بیان میں کہا کہ چین پاکستان میں پیش آنے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، جس کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان ہوا۔
انہوں نے حملے میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے۔
ماؤ ننگ کا کہنا تھا کہ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ، قومی سلامتی کے تحفظ اور سماجی استحکام برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔
چینی وزارتِ خارجہ نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔
