شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے ترجمان پیانگ یانگ نے واضح کیا ہے کہ ان کا ملک اپنے ایٹمی ہتھیاروں سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا، جبکہ امریکی قیادت میں قائم کواڈ اتحاد کو خطے میں کشیدگی بڑھانے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
پیانگ یانگ سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی ممالک خطے میں فوجی دباؤ اور اشتعال انگیزی میں اضافہ کر رہے ہیں، جس کے باعث سلامتی کی صورتحال مزید پیچیدہ ہو رہی ہے۔
شمالی کوریا نے کواڈ اتحاد پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ اتحاد ایشیا پیسیفک خطے میں طاقت کا توازن خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں شمالی کوریا نے نئے کلسٹر بم وارہیڈ اور الیکٹرو میگنیٹک ہتھیار کے کامیاب تجربات کا بھی اعلان کیا تھا، جسے ماہرین خطے میں اسلحے کی نئی دوڑ قرار دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے 2006ء سے عائد پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا مسلسل اپنے بیلسٹک میزائل اور جوہری پروگرام کو وسعت دے رہا ہے۔
