قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس 8جون کو طلب کر لیا گیا ، اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی معاشی ترجیحات کا تعین کیا جائے گا۔ کونسل کے سامنے مجموعی طور پر 4 ہزار 715 ارب روپے کا قومی ترقیاتی بجٹ پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت این ای سی اجلاس وفاقی وزرا، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیرِاعظم آزاد کشمیر اور پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب شریک ہوں گی۔ مالی سال دوہزار چھبیس ستائیس کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر غور کے ساتھ معاشی اشاریوں اورترقیاتی اہداف کی منظوری متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام، زرعی، صنعتی و سماجی شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر پی ایس ڈی پی میں اضافے کے بعد اسے 1126 ارب کے بجائے 1326 ارب روپے کیے جانے کا امکان ہے، جس پر آئی ایم ایف کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔
مختلف مالیاتی اقدامات کے ذریعے دو سو ارب روپے کی ایڈجسٹمنٹ کی کوشش کی جائے گی۔ اجلاس میں صوبوں کے لیے مجموعی طور پر 3148 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ پیش ہوگا۔ پنجاب کے لیے 1450 ارب، سندھ کے لیے 8 سو 16 ارب، خیبر پختونخوا کے لیے 564 ارب اور بلوچستان کے لیے 308 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ تجویز کیا گیا ہے۔
