مظفر آباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی، 5 افراد گرفتار، اسلحے کا ذخیرہ برآمد

ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع پر چہلہ کے علاقے میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا، گرفتار افراد کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے۔

ابتدائی تحقیقات میں ڈیجیٹل آلات سے مشکوک روابط اور حساس نوعیت کا مواد سامنے آیا، دورانِ تفتیش ایک ملزم کی نشاندہی پر بڑا اسلحہ ذخیرہ برآمد کیا گیا، سات خودکار ہتھیار، متعدد گرینیڈز اور دیگر جنگی سامان قبضے میں لے لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حساس تنصیبات کے نقشے اور مبینہ حملوں کے منصوبے بھی برآمد کیے گئے، ملزمان کے قبضے سے حساس مقامات سے متعلق دستاویزات اور ریکارڈ بھی ملا۔

دشمن خفیہ ایجنسی کے ساتھ مبینہ رابطوں کے شواہد بھی تحقیقات کا حصہ بن گئے، برآمد شدہ موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور دیگر مواد کا فرانزک و تکنیکی تجزیہ جاری ہے، تفتیش کار ممکنہ سہولت کاروں، مالی معاونت کے ذرائع اور وسیع نیٹ ورک کی چھان بین کر رہے ہیں۔

سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی سے حساس تنصیبات اور عوامی سلامتی کو ممکنہ خطرے سے محفوظ بنایا، ریاستی سلامتی، امن عامہ اور قومی مفادات کے خلاف کسی بھی سرگرمی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

قومی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی متعلقہ اداروں کو فوری اطلاع دیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے