پاکستان ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ 2026 میں شرکت کے لیے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بیلجیم اور برطانیہ روانہ ہو گئی ہے، جہاں قومی ٹیم 13 سے 28 جون تک جاری رہنے والے ایونٹ میں مجموعی طور پر 8 اہم میچز کھیلے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق قومی ٹیم کی قیادت ہیڈ کوچ اولمپین منظور الحسن کریں گے جبکہ اولمپین خواجہ محمد جنید ٹیم منیجر کے فرائض انجام دیں گے۔ ٹیم کے معاون عملے میں ویڈیو اینالسٹ سلطان اشرف اور فزیو تھراپسٹ فہد جاوید بھی شامل ہیں۔
قومی ٹیم اپنے دورے کا آغاز بیلجیم میں میچز سے کرے گی، جس کے بعد اسکواڈ برطانیہ روانہ ہوگا۔ لندن میں 23 جون کو پاکستان اور بھارت کے درمیان روایتی حریفوں کا انتہائی اہم اور سنسنی خیز مقابلہ شیڈول ہے، جس کا شائقین ہاکی بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
پاکستانی اسکواڈ میں گول کیپرز علی رضا اور وقار شامل ہیں، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں زکریا حیات، عماد شکیل بٹ، عبدالمتین، محمد عماد، معین شکیل، رانا محمد ولید اشرف، غضنفر علی، محمد عبداللہ، احمد ندیم، ارشد لیاقت، عبدالمنان، افراز، بشارت علی، محمد ندیم خان، رانا عبدالوحید اشرف، ابوبکر محمود، ارباز احمد اور محمد حماد الدین انجم شامل ہیں۔
