امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدے پر آج دستخط متوقع ہیں، جس کے بعد اہم عالمی بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز تمام بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے دوبارہ کھول دی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ معاہدے پر دستخط ہوتے ہی آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالات معمول پر آنے کے بعد جوہری مواد کی باقیات کے معاملے پر بھی مناسب وقت پر کارروائی کی جائے گی۔
امریکی صدر نے امید ظاہر کی کہ مذاکراتی عمل جلد اور آسانی سے مکمل ہو جائے گا، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو امریکا کے پاس دیگر "فیصلہ کن متبادل” بھی موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا مستقبل میں ایران اور پورے مشرق وسطیٰ کے ساتھ تعمیری تعلقات کا خواہاں ہے۔
ادھر امریکی حکام کے مطابق اگر آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھول دی جاتی ہے تو بحری راستوں میں موجود ممکنہ بارودی سرنگوں کی صفائی کا عمل شروع کیا جائے گا، جس میں ممکنہ طور پر G7 ممالک بھی حصہ لے سکتے ہیں۔
