بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 19 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 11 بہادر سپوت جامِ شہادت نوش کرگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں این 25 شاہراہ پر جھاو کراس اور کرارو کے درمیان فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری میں فتنہ الہندوستان کے 19 دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 11 بہادر سپوت جامِ شہادت نوش کرگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی اس عزم کا واضح اظہار ہے کہ عوام کی جان و مال، شاہراہوں کے تحفظ اور بلوچستان کے امن کو یرغمال بنانے کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع زیارت میں بھی پولیس چوکی پر دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن میں 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
ایس پی زیارت عبدالقدوس کے مطابق شہدا میں دو ایس ایچ او بھی شامل ہیں، پولیس کے مطابق کل رات سے دہشتگردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔
معاون وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند کا کہنا ہے کہ زیارت میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا گیا،آپریشن میں 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
شاہد رند نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو بلوچستان کے امن سے کھیلنے کی بھاری قیمت چکانا پڑی، ریاست پوری قوت سے جواب دے رہی ہے، سیکیورٹی فورسز، بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔
