افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پہلی مرتبہ اسمیڈا کا مرکزی دفتر اسلام آباد میں قائم اور فعال کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق ادارے کو نئے اہداف اور ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں تاکہ چھوٹے، درمیانے اور گھریلو کاروباروں کو مزید مؤثر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
تقریب میں سیکرٹری وزارتِ صنعت و پیداوار سیف انجم، اسمیڈا کی چیف ایگزیکٹو افسر نادیہ جے سیٹھ اور ادارے کے بورڈ اراکین نے بھی شرکت کی۔
ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، جن کے فروغ کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار نے کہا کہ کاروبار دوست ماحول، جدید ٹیکنالوجی، تربیت اور مالی سہولتوں تک رسائی کے ذریعے سرمایہ کاری، مقامی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں اور خواتین کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی حکومت کی معاشی حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہے، جبکہ ایس ایم ایز کی ترقی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا اور ملک پائیدار معاشی استحکام کی جانب گامزن ہوگا۔
ہارون اختر خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ملک بھر کے کاروباری افراد کو ایک ہی چھت تلے بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے اسمیڈا کو مزید مضبوط بنا رہی ہے، کیونکہ مضبوط ایس ایم ایز ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں۔
