صومالی قزاقوں کے قبضے میں آئل ٹینکر، 40 دن گزر گئے مگر 10 پاکستانی تاحال یرغمال

صومالی بحری قزاقوں کے قبضے میں موجود آئل ٹینکر ’آنر 25‘ کے اغوا کو 40 دن مکمل ہو گئے ہیں تاہم جہاز پر موجود 10 پاکستانیوں سمیت تمام 17 یرغمالی تاحال رہا نہیں ہو سکے۔

رپورٹس کے مطابق 21 اپریل کو صومالی قزاقوں نے آئل ٹینکر آنر 25 کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا اور جہاز کے عملے کو یرغمال بنا لیا تھا۔ یرغمالیوں میں 10 پاکستانی، 4 انڈونیشیائی، ایک بھارتی اور ایک میانمار کا شہری شامل ہے۔

 

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ صومالی حکومت جہاز کے مالک کے ذریعے قزاقوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات جاری ہیں، تاہم اب تک کوئی نمایاں پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔

ذرائع کے مطابق قزاقوں نے ابتدا میں ایک ملین ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا تھا، جسے بعد میں بڑھا کر چار ملین ڈالر کر دیا گیا۔ تاوان اور دیگر شرائط پر جاری مذاکرات ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اغوا شدہ آئل ٹینکر اس وقت صومالی ساحل کے قریب لنگر انداز ہے اور عملے کے تمام افراد بدستور قزاقوں کی تحویل میں موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق صومالی حکومت نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ بحری قزاقوں کے ساتھ رابطے کے ذریعے پاکستانی شہریوں کی محفوظ رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔ اس سلسلے میں صومالی حکام نے حکومت پاکستان کو باضابطہ طور پر خط بھی ارسال کیا تھا۔

تاہم اغوا کے 40 دن گزر جانے کے باوجود یرغمالیوں کی رہائی کے حوالے سے کوئی حتمی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی، جس کے باعث یرغمالیوں کے اہل خانہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے