محترمہ فاطمہ جناحؒ 31 جولائی 1893 کو پیدا ہوئیں، پیشے کے اعتبار سے وہ ڈینٹل سرجن تھیں، مگر اپنی زندگی پاکستان کے قیام اور عوامی خدمت کے لیے وقف کر دی۔
انہوں نے تحریکِ پاکستان میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے شانہ بشانہ کام کیا اور برصغیر کی مسلم خواتین کو تحریکِ آزادی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لئے متحرک کیا، ان کی انہی خدمات کے اعتراف میں قوم نے انہیں ’’مادرِ ملت‘‘ کا خطاب دیا۔
قیامِ پاکستان کے بعد بھی فاطمہ جناحؒ نے قومی تعمیر، خواتین کی فلاح و بہبود اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے نمایاں کردار ادا کیا، وہ عوامی حقوق، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی مضبوط آواز بن کر ابھریں، جس کی وجہ سے انہیں پاکستان کی تاریخ کی بااثر ترین خواتین رہنماؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔
محترمہ فاطمہ جناحؒ 9 جولائی 1967ء کو 73 برس کی عمر میں کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائی گئیں، آپ کا مزار قائداعظم کے مزار کے احاطے میں ہے، پاکستانی قوم ان کی لازوال خدمات پر انہیں آج بھی سلام پیش کرتی ہے۔
