اسرائیلی فورسز نے القدس اور فلسطین کے مفتیٔ اعظم شیخ محمد حسین کو مسجد اقصیٰ میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے فوری بعد حراست میں لے لیا۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق شیخ محمد حسین نے مسجد اقصیٰ میں نمازِ جمعہ کا خطبہ دیا اور نماز کی امامت کرائی۔ نماز کے اختتام کے چند ہی لمحوں بعد اسرائیلی فورسز نے انہیں مسجد کے احاطے سے حراست میں لے لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی اہلکاروں نے شیخ محمد حسین کو گھیرے میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ انہیں کس الزام کے تحت گرفتار کیا گیا ہے یا انہیں کہاں منتقل کیا گیا ہے۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے اس گرفتاری کے حوالے سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ فلسطینی مذہبی اور سیاسی حلقوں نے مفتیٔ اعظم کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
