سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شاہی وزارتی کابینہ میں اہم تبدیلیوں اور نئی تقرریوں کی منظوری دیتے ہوئے متعدد اعلیٰ عہدوں پر رد و بدل کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
سرکاری اعلان کے مطابق وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کو اضافی ذمہ داری دیتے ہوئے وزارتِ صنعت و معدنی وسائل کا قلمدان بھی سونپ دیا گیا ہے۔ وہ اس منصب پر بندر الخریف کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
بندر الخریف کو نئی ذمہ داری دیتے ہوئے وزیرِ مملکت اور وزراء کونسل کے رکن کے طور پر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ انہیں جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹریز (GAMI) کا گورنر بھی نامزد کیا گیا ہے۔
شاہی احکامات کے تحت محمد بن سلیمان المطلق کو نائب وزیرِ انصاف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سابق سرکاری وکیل شالان بن شالان کو شاہی عدالت کا مشیر تعینات کیا گیا ہے۔
مزید تقرریوں میں احسان بن عباس بن حمزہ کو جدہ گورنری کا سیکریٹری مقرر کیا گیا، جبکہ عبداللہ الدحیم کو سعودی مرکزی بینک میں انتظامی امور کا ڈپٹی گورنر اور طلال الحمود کو تکنیکی امور کا ڈپٹی گورنر مقرر کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
