ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو ہر قسم کی بحری آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جبکہ ایرانی پرشین گلف اسٹریٹ اتھارٹی نے بھی جہاز رانی سے وابستہ کمپنیوں اور جہازرانوں کو آئندہ نوٹس تک اس اہم آبی گزرگاہ سے گزرنے سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ایرانی ادارے کے ترجمان کے مطابق جاری فوجی کارروائیوں کے باعث آبنائے ہرمز مکمل طور پر بند ہے اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی تک یہ بندش برقرار رہے گی۔ ترجمان نے جہاز رانی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب برطانوی میری ٹائم اتھارٹی نے بھی آبنائے ہرمز سے متعلق تازہ انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس علاقے میں سکیورٹی خطرات بدستور انتہائی سنگین ہیں۔ اتھارٹی نے بحری جہازوں کو احتیاط سے سفر کرنے اور ضرورت پڑنے پر پیشگی رابطے کے بعد متبادل جنوبی بحری راستہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
