ایپکس کمیٹی کا اجلاس، خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں صوبے میں دہشتگردی کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا، اعلامیے کے مطابق امن وامان بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اعلامیے کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، ایڈوائزری کونسل کے اراکین، کور کمانڈر پشاور نے شرکت کیں، چیف سیکرٹری،آئی جی پولیس اور اعلیٰ سول اور عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔ تمام متعلقہ اداروں کو مربوط، مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔

اعلامیے کے مطابق دہشتگردی کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، امن وامان بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، خیبرپختونخوا کے عوام کے دیرینہ مسائل حل کیے جائیں گے۔

اپیکس کمیٹی نے پولیس اور سی ٹی ڈی کی عملی استعداد کار بڑھانے پر زور دیا۔ اجلاس میں پولیس اور سی ٹی ڈی کو جدید آلات،اسلحہ،بکتر بند گاڑیاں،نفری فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، شرکاء نے کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ اور امن وامان کا قیام مشترکہ مقصد اور اولین ترجیح ہے، امن وامان کے قیام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا کے عوام کا معیار زندگی بلند کیا جائے گا، پسماندہ اور متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی، اس سلسلے میں عوامی تجاویز، ضروریات اور مقامی ترجیحات کو پالیسی سازی اور عملی اقدامات کا حصہ بنایا جائے گا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے