واشنگٹن (وژن پوائنٹ نیوز) ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔ انہوں نے ایمازون کے بانی جیف بیزوز کو پیچھے چھوڑا ہے ان کی دولت 211 ارب ڈالر ہوگئی ہے وہ گزشتہ ہفتے 200 ارب ڈالر کلب میں شامل ہونے والے دنیا کے کم عمر ترین شخص بن گئے تھے۔
بلومبرگ بلینیئرز انڈکس کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق 263 ارب ڈالر کے ساتھ ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔
مارک زکربرگ 211 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے، جیف بیزوز 209 ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے اور برنارڈ آرنلٹ 193 ارب ڈالر کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ پانچواں نمبر لاری الیسن کا ہے ان کی دولت 183 ارب ڈالر ہے۔
بل گیٹس 161 ارب ڈالر کے ساتھ چھٹے، لاری پیج 151 ارب ڈالر کے ساتھ ساتویں، وارن بوف 146 ارب ڈالر کے ساتھ آٹھویں، سٹیو بالمر 145 ارب ڈالر کے ساتھ نویں اور سرگی برن 142 ارب ڈالر کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔
اس وقت دنیا میں 3 افراد 200 ارب ڈالرز سے زائد کے مالک ہیں جن میں مارک زکربرگ کے ساتھ ٹیسلا کے مالک ایلون مسک اور ایمازون کے بانی جیف بیزوز شامل ہیں۔مارک زکربرگ 2024 کے دوران دنیا میں اب تک سب سے زیادہ دولت کمانے میں کامیاب رہے ہیں۔
خیال رہے کہ مارک زکربرگ کچھ عرصے قبل دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں کافی نیچے چلے گئے تھے۔2022 میں میٹا ورس کی تیاری کے لیے پرعزم مارک زکربرگ کو بہت زیادہ مالی نقصان ہوا تھا۔
درحقیقت ایک موقع پر تو ان کی دولت میں 100 ارب ڈالرز سے زیادہ کی کمی بھی آئی اور وہ دنیا کے 10 امیر ترین افراد سے باہر نکل گئے تھے۔ مارک زکربرگ کی دولت 2022 میں گھٹ کر 35 ارب ڈالرز سے بھی نیچے آگئی تھی کیونکہ اس وقت میٹا کے حصص کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آئی تھی۔
مگر 2023 میں مارک زکربرگ نے اپنی توجہ حقیقی دنیا پر مرکوز کرتے ہوئے میٹا پلیٹ فارم کے اخراجات میں کمی لانے کے لیے اقدامات کیے جبکہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر زیادہ کام کیا۔ یہ اقدامات کمپنی کے لیے اب تک بہتر ثابت ہوئے ہیں اور مارک زکربرگ کی دولت میں رواں سال کے دوران 73.5 ارب ڈالرز کا اضافہ ہو چکا ہے۔