سری لنکا نے پاکستانی شہریوں کے لیے مفت ویزا سہولت متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، عوامی روابط اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں تعینات سری لنکا کے قونصل جنرل سنجیوا پاتھووالا نے بتایا کہ پاکستانی شہریوں کی آن لائن ویزا درخواستوں پر 48 گھنٹوں کے اندر کارروائی مکمل کی جا رہی ہے، تاکہ درخواست گزاروں کو تیز رفتار اور آسان سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
قونصل جنرل کے مطابق یہ اقدام پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تعلیم، تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسان ویزا پالیسی سے کاروباری شخصیات، طلبہ، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کے باہمی تبادلوں میں اضافہ ہوگا، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا پاکستانی سیاحوں کے لیے خود کو ایک پرکشش سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرا رہا ہے، جہاں خوبصورت ساحل، تاریخی و ثقافتی ورثہ، جنگلی حیات کے محفوظ علاقے، سرسبز پہاڑی مقامات اور قدرتی حسن سے مالا مال سیاحتی مقامات موجود ہیں۔
