پاکستان کے معروف اداکار، کامیڈین اور موسیقار خالد نظامی کراچی میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے، جس کے بعد شوبز انڈسٹری اور ان کے مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
اہل خانہ کے مطابق خالد نظامی کافی عرصے سے علیل تھے۔ ان کی نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر عثمانیہ مسجد، بفر زون سیکٹر 15-بی، ضلع وسطی کراچی میں ادا کی جائے گی۔
خالد نظامی 1947 میں برصغیر کے شہر مسوری، ضلع ڈیرہ دون (موجودہ ریاست اتراکھنڈ، بھارت) میں پیدا ہوئے۔ تقسیم ہند کے بعد ان کا خاندان پاکستان منتقل ہوگیا۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی گرامر اسکول سے حاصل کی جبکہ بعد ازاں اسلامیہ کالج کراچی سے بی اے کی ڈگری حاصل کی۔
انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر اپنی منفرد اداکاری سے بے پناہ شہرت حاصل کی۔ 1972 میں نشر ہونے والے مشہور ڈرامے "انکل عرفی”، 1974 کے "شہزوری” اور 1982 کے کلاسک ڈرامے "ان کہی” میں ان کی یادگار پرفارمنس آج بھی ناظرین کے ذہنوں میں محفوظ ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے حسینہ معین کے مقبول ڈرامے "عید کا جوڑا” سمیت متعدد کامیاب ٹی وی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
