فلم ’گھوسٹ اسکول‘ کو سندھ میں نمائش کی اجازت نہ ملنے کے خلاف فلم سازوں نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
فلم سازوں نے سندھ بورڈ آف فلم سینسرز کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا ہے۔ درخواست میں فلم کی نمائش کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سینٹرل سینسر بورڈ اور پنجاب سینسر بورڈ فلم کی نمائش کی اجازت دے چکے ہیں۔
وکیل کے مطابق سندھ بورڈ آف فلم سینسرز اس کے باوجود فلم کی نمائش کی منظوری نہیں دے رہا۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سندھ موشن پکچرز ایکٹ 2011 کے تحت سینسر سرٹیفکیٹ سے انکار قانونی بنیاد پر ہی کیا جا سکتا ہے۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ فلم کی نمائش روکنے کی کوئی قانونی وجہ موجود نہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فلم سازوں کو کوئی شوکاز نوٹس بھی جاری نہیں کیا گیا۔
ان کے مطابق فلم سازوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع بھی نہیں دیا گیا۔
درخواست میں سندھ بورڈ آف فلم سینسرز کے فیصلے کو قانون کے خلاف قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
سندھ ہائی کورٹ نے درخواست پر سندھ حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے فریقین کو 21 اگست کے لیے طلب کیا ہے۔
اب آئندہ سماعت میں سندھ حکومت اور متعلقہ حکام اپنا مؤقف عدالت کے سامنے پیش کریں گے۔
