ملک میں درآمدات میں 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس کے نتیجے میں تجارتی خسارہ 26 فیصد بڑھ گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کےمطابق غذائی اجناس، گاڑیوں،ٹرانسپورٹ سامان اور مشینری سمیت مختلف اشیا کی درآمد میں نمایاں اضافہ ہوا,جولائی میں 80 کروڑ 54 لاکھ ڈالرکی کھانے پینےکی اشیا درآمدکی گئیں،جن کی پاکستانی کرنسی میں مالیت 224 ارب روپے سےزائد بنتی ہے۔
رپورٹ کےمطابق بچوں کے دودھ اورکریم کی درآمد 25 فیصد اضافے سے ایک کروڑ 87 لاکھ ڈالر رہی، جبکہ مصالحے،سویابین، پام آئل، چینی اور دالیں بھی درآمد کی گئیں،گزشتہ ماہ 112 میٹرک ٹن چینی بھی درآمد کی گئی،جبکہ حکومت نے ملک میں ایک لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن اضافی چینی موجود ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
اعدادوشمار کےمطابق مشینری کی درآمد میں 41 فیصد اضافہ ہوا اورایک ارب 31 کروڑ ڈالر کی مشینری درآمد کی گئی،جس میں پاورجنریشن، آفس، ٹیکسٹائل،زرعی،تعمیراتی اور ٹیلی کام مشینری شامل ہے۔
گاڑیوں سمیت ٹرانسپورٹ سامان کی درآمد 40 فیصد بڑھکر 42 کروڑ ڈالر،خام کپاس سمیت ٹیکسٹائل مصنوعات کی درآمد 15 فیصد اضافے سے 68 کروڑ ڈالر ہوگئی۔
زرعی آلات اورکیمیکلزکی درآمدمیں 23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور درآمدی حجم ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا،سونے،اسٹیل اورلوہےسمیت مختلف دھاتوں کی درآمد بھی 23 فیصد بڑھی،قیمتی دھاتوں کا درآمدی بل 73 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا۔
