ملاقات میں سنکیانگ یغور کے کمیونسٹ پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری ہی ژونگ یو، ہیڈ آف پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ وانگ جین زن، ایگزیکٹو وائس گورنر زانگ ینگ چن اور صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل لی کی یونگ بھی شریک ہوئے۔ چن شیاوجیانگ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا پرتپاک خیرمقدم کیا، جس پر وزیراعلیٰ نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران پنجاب اور سنکیانگ کے درمیان زرعی شعبے میں شراکت داری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے زراعت کے فروغ کے لیے جدید ایریل وہیکلز، واٹر لیولنگ، ڈیجیٹل کراپ مانیٹرنگ، جدید آبپاشی نظام اور زرعی میکانائزیشن سے استفادہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چینی حکام کو ایگریکلچر میکانائزیشن، واٹر ایفیشنٹ ایریگیشن اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں اشتراک کار کی پیشکش کی۔ ملاقات میں بہتر زرعی پیداوار کے لیے چین کے آزمودہ اور معیاری بیجوں کے استعمال کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا زرعی پیداوار کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے اور ملک بھر میں گندم، مکئی، گنے اور چاول کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، پنجاب کارپوریٹ زون فارمنگ کے شعبے میں سنکیانگ کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت چین کے ساتھ زراعت، صنعت، معدنیات اور نئی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہاں ہے۔ ملاقات میں پنجاب اور چین کے درمیان وفود کے تبادلوں اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
مزید برآں فریقین نے ترقی، علاقائی استحکام اور چین کی بین الاقوامی حکمت عملی کے تحت باہمی تعاون مزید بڑھانے پر بھی گفتگو کی۔
