آج رات ملک گیر ہڑتال کا اعلان کروں گا، اپوزیشن بھی دھرنوں کا ساتھ دیں، حافظ نعیم

لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ وہ آج رات ملک گیر ہڑتال کا اعلان کریں گے، اپوزیشن جماعتیں بھی جماعت اسلامی کے دھرنوں کا ساتھ دیں۔
لاہور کے چیئرنگ کراس پر جماعت اسلامی کا دھرنا 12ویں روز بھی جاری ہے، جہاں حافظ نعیم الرحمٰن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پیٹرول پر لیوی ٹیکس ختم کرنا ہوگا، ہمارا دھرنا عام لوگوں اور 25 کروڑ عوام کے لیے ہے، جماعت اسلامی اپنے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے لیے لڑ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھا رہی ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 7 ڈالر کم ہونے کے باوجود پاکستان میں قیمتیں بڑھائی گئیں۔ پرامن احتجاج کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ دھرنے اب مختلف شہروں تک پھیل چکے ہیں، کل فیصل آباد میں جلسہ عام ہوگا، 30 اگست کو راولپنڈی اور 31 اگست کو پشاور میں جلسہ ہوگا، جبکہ 4 ستمبر کو سوات جائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت کو پیٹرولیم لیوی ختم کرکے عوام کو ریلیف دینا ہوگا، آئی پی پیز کے ناجائز معاہدے ختم کیے جائیں اور عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کیا جائے۔

پمز اسپتال حادثے پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حادثات ہوجاتے ہیں لیکن حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کرے۔ حکومت یہ بتائے کہ اسپتال میں کیا حفاظتی انتظامات موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سانحے کے بعد حکومت اگلے سانحے کا انتظار کرتی ہے، افسران کی معطلیاں کافی نہیں، تمام ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے اپوزیشن جماعتوں کو جماعت اسلامی کے دھرنوں میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں ہمارے احتجاج کا ساتھ دیں۔ ہم دھرنوں کو مزید وسعت دیں گے، لانگ مارچ کا آپشن بھی موجود ہے اور اس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے