وزیراعظم شہباز شریف نے بشکیک میں منعقدہ چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جہاں کرغزستان کے صدر صادر نورگوجوئچ ژاپاروف نے ان کا استقبال کیا۔
افتتاحی تقریب میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان پہنچنے والے مختلف ممالک کے سربراہان، وزرائے اعظم اور عالمی رہنما بھی شریک ہوئے۔
چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستان کا دستہ بھی شریک ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی اسٹیڈیم آمد پر وزیراعظم نے کھڑے ہوکر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی پاکستانی دستے کو بھرپور داد دی۔
پاکستانی کھلاڑی نومیڈ گیمز کے مختلف مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ یہ بین الاقوامی کھیلوں کا مقابلہ وسطی ایشیا کی مختلف اقوام کے روایتی کھیلوں اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔
چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز 31 اگست سے 6 ستمبر 2026 تک کرغزستان میں منعقد ہو رہے ہیں۔ ان کھیلوں کا مقصد مختلف ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی روابط، باہمی مفاہمت اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔
