یومِ دفاع و شہداء، مسلح افواج کا شہداء کو خراجِ عقیدت

آئی ایس پی آر نے 61ویں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر مسلح افواج پاکستان کی جانب سے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کےمطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف،ایئرچیف مارشل ظہیر بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آرکاکہنا ہےکہ مسلح افواج غازیوں اورشہداء کے اہلخانہ سے احترام اور تشکر کا اظہار کرتی ہیں،شہداء عزت، فرض شناسی اور قربانی کے اعلیٰ ترین اصولوں کی عملی تصویر ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق 6 ستمبر قومی اتحاد، جرات اور عزم کی لازوال علامت ہے،یہ دن یاد دلاتا ہے کہ 1965 میں قوم دفاعِ وطن کے لیے کس طرح یکجا کھڑی ہوئی، میدانِ جنگ ہو، فضا یا سمندر، پاکستان کےمحافظوں کی نسلوں نے ہر جگہ پہرہ دیا اور قوم کی خدمت میں جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

آئی ایس پی آر کےمطابق پاکستان خطےمیں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پرکاربند ہے،تاہم امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔

ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا،مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔

آئی ایس پی آر نےکہا کہ یومِ دفاع پر مسلح افواج پاکستان اور عوام سےغیرمتزلزل وابستگی کا پختہ عزم دہراتی ہیں،شہداء کی قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور اہل خانہ کی استقامت ہمیشہ قومی طاقت اور فخر رہیں گے

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے