چنیوٹ میں شہتوت کھانے پر زمیندار کی جانب سے اونٹنیوں پر مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
متاثرین کے مطابق ملزمان نے اونٹنیوں کی گردن اور پیٹ پر کلہاڑیوں کے وار کیے، جس کے نتیجے میں اونٹنیوں کی پسلیاں بھی ٹوٹ گئیں۔
ملزمان کی گرفتاری نہ ہونے پر متاثرین زخمی اونٹنیوں کو لے کر آر پی او آفس پہنچ گئے۔
متاثرین نے الزام عائد کیا کہ پولیس ملزمان کو گرفتار نہیں کر رہی، جبکہ مقدمے میں اونٹنیوں کی مجموعی قیمت صرف ڈیڑھ لاکھ روپے درج کی گئی ہے۔
متاثرین کا کہنا تھا کہ ’’ڈیڑھ لاکھ کے تو اب دو بکرے بھی نہیں آتے۔‘‘
متاثرین نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور اونٹنیوں کی اصل مالیت کا تعین کیا جائے۔
