پاکستان دفتر خارجہ نے سعودی عرب کے شہر ابہا، خمیس مشیط، جازان اور نجران میں حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے سعودی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی اور خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے حملے یمن کے تنازع کے پرامن اور پائیدار حل کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں، پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور خوشحالی کی مکمل حمایت کرتا ہے اور سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے حملوں میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے عین مطابق پاکستان سعودی عرب کے اپنے علاقے کے دفاع، شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ اور قومی اثاثوں کو ہر خطرے سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ پاکستان نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کیلئے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا
