ازبکستان کا 10 رکنی میڈیا وفد 7 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا

وفد میں معروف ازبک ٹی وی شخصیات، ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹرز، یوٹیوبرز، انفلوئنسرز اور سوشل میڈیا شخصیات شامل ہیں۔

ازبک میڈیا وفد کے دورے کا مقصد پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، میڈیا روابط اور عوامی سطح پر رابطوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

وفد سرکاری اور نجی شعبے کے مختلف اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کرے گا اور پاکستان کی مختلف شعبوں میں ترقی اور کامیابیوں کا مشاہدہ کرے گا۔

ازبک میڈیا شخصیات کو پاکستان کے بدلتے ہوئے میڈیا منظرنامے سے متعلق براہِ راست آگاہی فراہم کی جائے گی جبکہ وفد عوامی بیانیے، پاکستان کے مثبت تشخص اور سماجی و اقتصادی ترقی میں ٹی وی، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے کردار کا جائزہ لے گا۔

دورے کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان میڈیا تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا مواد اور تجربات کے تبادلے کے مواقع بھی تلاش کیے جائیں گے۔

ازبک میڈیا شخصیات اپنے مشاہدات اور تجربات ٹی وی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کے ذریعے ازبک عوام تک پہنچائیں گی۔

ازبک میڈیا وفد مری، ٹیکسلا اور لاہور کے ثقافتی، تاریخی اور سیاحتی مقامات کا دورہ کرے گا، جبکہ وفد اسلام آباد کے نمایاں مقامات کا بھی دورہ کرے گا۔

وفد ٹیکسلا کی قدیم تہذیب اور لاہور کے تاریخی و تعمیراتی ورثے سے آگاہی حاصل کرے گا جبکہ فیصل مسجد کا دورہ کرکے اس کے منفرد تعمیراتی ڈیزائن کا مشاہدہ بھی کرے گا۔

دورہ پاکستان اور ازبکستان کے عوام کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کی کوششوں کا حصہ ہے، دورے سے میڈیا روابط، ثقافتی تبادلوں، سیاحت اور عوامی سطح پر رابطوں کے ذریعے پاک ازبک برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

دورے سے ازبکستان میں پاکستان کے ثقافتی ورثے، سیاحتی امکانات، اقتصادی ترقی اور جدید کامیابیوں کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی جبکہ پاکستان اور ازبکستان کی میڈیا برادریوں کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے