کراچی: ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے کرایوں میں بھی بڑا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیا۔
ویڈیو پیغام میں ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ہم 7 فیصد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھانے کا اعلان کرتے ہیں کیونکہ گزشتہ 7روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 26روپے 88 پیسے اور پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 20 روپے اضافہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی اور مسلسل اضافے کی پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز مذمت کرتے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ اور تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے، اسے فوری واپس لیا جائے۔
