وزارت داخلہ کے نام پر گاڑیوں کے کالے شیشوں کے جعلی این او سیز اور اجازت نامے جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، نئی پالیسی کا مسودہ بھی تیار کرلیا گیا۔
وزارت داخلہ نے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو جعلی اجازت نامے جاری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔ ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق ٹنٹڈ شیشوں کے اجازت ناموں پر پابندی اکتیس مارچ دو ہزار تیرہ سے عائد ہے اور دو ہزار تیرہ کے بعد ٹنٹڈ شیشوں کے استعمال کے لیے کوئی این او سی جاری نہیں کیا گیا۔ سینٹ کمیٹی کی ہدایت پر ٹنٹڈ شیشوں کے استعمال سے متعلق نئی پالیسی کا مسودہ تیار کیا گیا ہے، جس میں طبی اور سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر اجازت دینے کی پالیسی بھی زیر غور ہے۔ نظرثانی شدہ مسودہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو بھجوا کر تجاویز طلب کرلی گئی ہیں، آراء موصول ہونے کے بعد پالیسی کو حتمی شکل دی جائے گی۔
