وفاقی وزیرپٹرولیم علی پرویز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی صورتحال اور سڑکوں کی بندش سے پیٹرولیم ترسیل متاثر نہ ہونے دی جائے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل دستیابی کے لیے اوگرا کا خصوصی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔
پی ایس او حکام کے مطابق ممکنہ تعطل کے پیش نظر اہم ڈپوؤں پر اضافی پیٹرولیم مصنوعات پہلے ہی ذخیرہ کرلی گئی ہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری ریلوے کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایندھن سپلائی کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کیلئے تعاون پر علی پرویز ملک نے پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشنز کا شکریہ ادا کیا اور ایندھن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے پیشگی انتظامات کی ہدایت کی۔ کہا سڑکیں بند ہونے کی صورت میں ڈیزل ترسیل کیلئے زیادہ سے زیادہ بوگیاں دی جائیں گی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم ریلیف اسکیم میں شامل پیٹرول پمپس کو ادائیگیوں کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے، اسکیم کے تحت دس ہزار پیٹرول پمپس میں سے ساڑھے 8 ہزار کو ادائیگیاں ہوگئیں۔
علی پرویز ملک نے تمام رکاوٹیں دور کرکے باقی پمپس کو بھی مکمل ادائیگیاں یقینی بنانے اور صارفین کو فیول ریلیف نہ دینے والے پیٹرول پمپس کیخلاف کارروائی کی ہدایت بھی کردی۔
