سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے چھٹی حج کانفرنس اور نمائش کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ یہ کانفرنس 8 سے 11 نومبر 2026 تک جدہ میں ہوگی۔
کانفرنس میں عازمین حج کو خدمات فراہم کرنے والے 520 سے زائد ادارے شرکت کریں گے۔ سعودی عرب اور دیگر ممالک سے سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش ادارے بھی شریک ہوں گے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق کانفرنس حج 2027 کی ابتدائی تیاریوں کا اہم حصہ ہوگی۔ اس میں شریک ادارے معاہدوں کو حتمی شکل دے سکیں گے۔کانفرنس میں آپریشنل اور ضابطہ جاتی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ ادارے نئی خدمات، اقدامات اور جدید حل بھی پیش کریں گے۔
یہ تقریب ویژن 2030 اور پِلگرم ایکسپیرینس پروگرام کے اہداف سے بھی منسلک ہے۔ اس کا مقصد عازمین حج کے تجربے اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
کانفرنس کا پروگرام تین اہم ٹریکس پر مشتمل ہوگا۔ پہلا ٹریک بنیادی ڈھانچے اور آپریشنل خدمات سے متعلق ہوگا۔اس میں نقل و حمل، لاجسٹکس، سہولیات، رہائش، مہمان نوازی اور خوراک کی خدمات شامل ہوں گی۔
دوسرا ٹریک سہولت کاری اور انضمام پر مرکوز ہوگا۔ اس میں سکیورٹی، صحت، میڈیا، مواصلات، ٹیکنالوجی اور جدت طرازی شامل ہیں۔تیسرا ٹریک پائیدار ترقی سے متعلق ہوگا۔ اس میں غیر منافع بخش شعبہ، انٹرپرینیورشپ، تربیت اور پیشہ ورانہ ترقی شامل ہوگی۔عازمین کے تجربے کو بہتر بنانے کے اقدامات بھی تیسرے ٹریک کا حصہ ہوں گے۔
کانفرنس کے ساتھ 67 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر خصوصی نمائش بھی ہوگی۔ اس میں 150 سے زائد ممالک کے ادارے اور خدمات فراہم کرنے والے شریک ہوں گے۔
نمائش میں حکومت اور صنعت کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔ عازمین حج کے امور سے متعلق دفاتر اور خدمات فراہم کرنے والے ادارے بھی شریک ہوں گے۔
ہوا بازی، نقل و حمل، مہمان نوازی، صحت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے بھی نمائش کا حصہ ہوں گے۔ ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری، افرادی قوت اور کاروباری ترقی سے متعلق ادارے بھی شرکت کریں گے۔
وسیع پروگرام میں خصوصی فورمز، پینل مباحثے اور گول میز کانفرنسیں شامل ہوں گی۔ ورکشاپس اور کاروباری ملاقاتیں بھی منعقد کی جائیں گی۔نمائش نئے اقدامات اور معاہدوں کے لیے بھی پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ جدید حل اور نئی ایجادات بھی شرکا کے سامنے پیش کی جائیں گی۔
وزارت حج و عمرہ کے مطابق کانفرنس اور نمائش کے گزشتہ ایڈیشن میں 150 سے زائد ممالک سے 2 لاکھ 4 ہزار زائرین شریک ہوئے تھے۔
گزشتہ ایڈیشن میں 270 نمائش کنندگان نے بھی شرکت کی تھی۔ رواں سال کی کانفرنس میں حج خدمات کے عالمی شعبے سے مزید اداروں کی شرکت متوقع ہے۔
