اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ قائم مقام سیکریٹری خارجہ سفیر نبیل منیر نے ان کا استقبال کیا۔
گوتریس 6 سے 8 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے۔ یہ دورہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر ہو رہا ہے۔
دورانِ دورہ انتونیو گوتریس صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کریں گے۔
ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاکستان کی جانب سے عالمی امن، سلامتی اور کثیرالجہتی نظام کے لیے کوششوں کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
انتونیو گوتریس نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا دورہ بھی کریں گے۔ انہیں پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں ابتدائی وارننگ نظام اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں ہونے والی پیش رفت بھی اجاگر کی جائے گی۔گوتریس اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ برائے بھارت و پاکستان (UNMOGIP) کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان طویل مدتی تعاون کو مزید اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔دورے میں علاقائی اور عالمی پیش رفت پر خیالات کا تبادلہ بھی ہوگا۔ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور اور کثیرالجہتی نظام کے لیے اپنے عزم کو بھی اجاگر کرے گا۔
یہ انتونیو گوتریس کا 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ اس وقت انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔
