بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں الیکشن کمیشن کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج جاری ہے۔ پولیس نے احتجاج کے دوران کانگریس رہنما راہول گاندھی کو حراست میں لے لیا۔ انہیں کچھ دیر بعد رہا کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن جماعتیں ووٹر فہرستوں میں مبینہ تبدیلیوں کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔ مظاہرین چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔
کانگریس رہنما راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی سمیت اپوزیشن ارکان نے پارلیمنٹ سے مارچ شروع کیا۔ مظاہرین الیکشن کمیشن کے ہیڈکوارٹرز کی طرف بڑھ رہے تھے۔پولیس نے الیکشن کمیشن کی جانب جانے والے راستے بند کر دیے۔ اس دوران مظاہرین نے پولیس کی رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش کی۔
احتجاج کے دوران راہول گاندھی پولیس کی رکاوٹوں پر چڑھ گئے۔ پولیس نے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔پولیس نے راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی کو حراست میں لے لیا۔ دونوں کو کچھ دیر بعد رہا کر دیا گیا۔
اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ ووٹر فہرستوں میں مبینہ تبدیلیوں سے انتخابی عمل متاثر ہو سکتا ہے۔ اپوزیشن اس معاملے پر الیکشن کمیشن سے جواب اور کارروائی کا مطالبہ کر رہی ہے۔
