راولپنڈی کے علاقے ہزارہ کالونی میں 30 سالہ شخص مبینہ طور پر غلط انجیکشن لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
ورثاء کے مطابق امجد گلا خراب ہونے پر دوا لینے نجی کلینک گیا تھا، جہاں ڈاکٹر کی ہدایت پر نرس نے مبینہ طور پر زائدالمیعاد انجیکشن لگا دیا۔
انجیکشن لگنے کے بعد امجد رات بھر بازو میں شدید درد کی شکایت کرتا رہا۔ طبیعت بگڑنے پر اسے ڈی ایچ کیو اور ہولی فیملی ہسپتال لے جایا گیا، تاہم وینٹی لیٹر نہ ملنے پر نجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ورثاء کے مطابق نجی ہسپتال میں امجد کے بازو کی سرجری بھی کی گئی، تاہم جسم میں انفیکشن پھیلنے کے باعث وہ جاں بحق ہوگیا۔ورثاء کا کہنا ہے کہ امجد دو بچوں کا باپ تھا جبکہ اس کا بڑا بیٹا معذور ہے۔
انجیکشن لگنے سے جاں بحق ہونے والے امجد کی نماز جنازہ کے بعد تدفین کردی گئی۔ورثاء کے مطابق انجیکشن کے باعث جسم میں شدید ری ایکشن ہوا تھا، جس کے باعث جنازہ جلد ادا کرکے تدفین کردی گئی۔
