متحدہ عرب امارات نے شہریوں اور رہائشیوں کو سرکاری خدمات فراہم کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی اسسٹنٹ ’میرہ‘ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اماراتی حکام کے مطابق، یہ نظام مارچ 2027 سے خدمات فراہم کرنا شروع کرے گا۔
نئے اے آئی اسسٹنٹ کے ذریعے پاسپورٹ، ورک پرمٹ، صحت اور تعلیم سمیت مختلف سرکاری سہولتیں ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔
حکام کے مطابق، ’میرہ‘ صارفین کو مختلف سرکاری اداروں کی خدمات تک ایک ہی جگہ رسائی فراہم کرے گا۔ اس نظام کے ذریعے والدین اپنے بچوں کے اسکول ریکارڈ تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
اسی طرح مریض بھی ڈاکٹرز سے رابطے اور صحت سے متعلق خدمات کے لیے اسسٹنٹ سے مدد لے سکیں گے۔
اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ ’میرہ‘ اردو سمیت متعدد زبانوں میں صارفین کی رہنمائی کرے گا۔ اس سہولت سے مختلف زبانیں بولنے والے افراد کو سرکاری خدمات حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔
اس منصوبے کا مقصد سرکاری خدمات کو ایک ہی ڈیجیٹل نظام میں یکجا کرنا اور شہریوں و رہائشیوں کے لیے مختلف اداروں سے رابطے کا عمل آسان بنانا ہے۔
مارچ 2027 میں اس نظام کے آغاز کے بعد اس کی عملی کارکردگی اور فراہم کی جانے والی خدمات کی مکمل تفصیلات سامنے آئیں گی۔

