اسرائیلی فوج کے ترجمان افی ڈیفرین نے کہا ہے کہ اسرائیل امریکی حمایت کے بغیر بھی ایران پر حملہ کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق فوج کسی بھی وقت پوری قوت سے کارروائی کے لیے تیار ہے۔
اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے افی ڈیفرین نے کہا کہ فوج خطے کی صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے خلاف کارروائی کے لیے فوجی ہدایات میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ ایران کا اسرائیل کو تباہ کرنے کا تصور ختم نہیں ہوا۔ ان کے مطابق تہران اب بھی اس مقصد کے حصول کے لیے کام کر رہا ہے۔
افی ڈیفرین نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج کسی بھی وقت حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس کارروائی کے لیے امریکی حمایت لازمی شرط نہیں ہے۔
دوسری جانب ایران پر ممکنہ نئے حملوں کے پیشِ نظر اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے سیکیورٹی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اجلاس جمعرات کی شام منعقد ہوگا۔ اس میں ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی اور خطے کی صورتِ حال پر غور کیا جائے گا۔

