پاکستانی کیوئسٹ رانا عرفان نے سنوکر ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت لیا۔ انہوں نے فائنل میں ہم وطن کھلاڑی محمد آصف کو 5-0 سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
عمان کے دارالحکومت مسقط میں مینز سنگلز ایونٹ کا فائنل بیسٹ آف نائن فریمز کے تحت کھیلا گیا۔ رانا عرفان نے پہلے پانچوں فریم جیت کر مقابلہ یکطرفہ طور پر اپنے نام کیا۔
ورلڈ کپ کے مینز سنگلز ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ رانا عرفان نے گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ محمد آصف نے سلور میڈل جیتا۔
اسی طرح اسجد اقبال نے تیسری پوزیشن حاصل کرکے برونز میڈل اپنے نام کیا۔ یوں تینوں میڈلز پاکستانی کھلاڑیوں کے حصے میں آئے۔
فائنل سے قبل رانا عرفان نے سیمی فائنل میں ہم وطن اسجد اقبال کو سخت مقابلے کے بعد 4-3 سے شکست دی تھی۔
اس سے پہلے انہوں نے کوارٹر فائنل میں مبشر رضا کو 4-1 سے ہرایا۔ اس مقابلے میں رانا عرفان نے 105 پوائنٹس کی سنچری بریک بھی کھیلی۔
پری کوارٹر فائنل میں بھی ان کی کارکردگی نمایاں رہی۔ انہوں نے بھارت کے آدتیہ مہتا کو 4-0 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔
اس طرح رانا عرفان نے مسلسل فتوحات کے بعد ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

