ایران نے کویت میں ہونے والے ڈرون حملے میں ملوث ہونے کی تردید کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی تہران نے واقعے کی حقیقت جاننے کے لیے کویت اور اٹلی کے ساتھ مشترکہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے۔
خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کویت اور اٹلی کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ٹیلی فون پر بات کی۔
انہوں نے کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے علاقائی صورت حال پر گفتگو کی۔ اس کے علاوہ اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی سے بھی رابطہ کیا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کا اس ڈرون حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ تاہم تہران واقعے کی مکمل حقیقت جاننے کے لیے تعاون کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کویت اور اٹلی کے ساتھ مل کر تحقیقات کے لیے تیار ہے۔ ان تحقیقات کے ذریعے حملے کی تفصیلات اور اصل ماخذ کا پتا لگایا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ حملے میں ملوث عناصر کی شناخت بھی کی جا سکتی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کویتی ہم منصب سے گفتگو میں حملے کے جانی اور مالی نقصان پر افسوس ظاہر کیا۔
اسی طرح اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی سے بات کرتے ہوئے دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کی۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

