راولپنڈی میں 28 ستمبر کو جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پولیس ریمانڈ میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ایک گھنٹہ تفتیش کی گئی،،
ذرائع کے مطابق تھانہ نیو ٹاؤن پولیس کی تفتیشی ٹیم نے عمران خان سے 28 ستمبر کی احتجاج کی کال سے متعلق سوالات پوچھے،،
پولیس نے اڈیالہ جیل اور عدالت میں ملاقاتیں کرنے والوں کے نام بھی حاصل کئے،، پولیس نے سوشل میڈیا پوسٹوں کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا،، تفتیشی ٹیم کے پاس شہر کے مختلف سی سی ٹی وی کی فوٹیجز بھی موجود ہیں،،
واضح رہے کہ 21 نومبر کو راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 28 ستمبر کے جلاؤ گھیراؤ سے متعلق تھانہ نیو ٹاؤن میں درج مقدمہ نمبر 2831 میں سابق وزیراعظم عمران خان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا تھا۔
اس سے ایک روز قبل (20 نومبر) اسلام آباد ہائی کورٹ سے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی ضمانت منظور کیے جانے کے بعد راولپنڈی پولیس نے پی ٹی آئی کے بانی کو تھانہ نیوٹاؤن میں درج مقدمے میں گرفتار کرلیا تھا۔
ترجمان پولیس نے بتایا تھا کہ عمران خان کو تھانہ نیوٹاؤن کے مقدمہ میں گرفتار کرلیا گیا، مقدمہ جلاؤ گھیراؤ، پتھراؤ، پولیس سے مزاحمت پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔
سٹی پولیس آفس راولپنڈی کی جانب سے جیل سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل اڈیالہ کے نام جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ توشہ خانہ کیس میں اڈیالہ جیل کے اسپیشل سیکیورٹی سرکل نمبر 4 میں قید عمران خان کو تھانہ نیوٹاؤن میں انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج مقدمے میں گرفتارکیا جاتا ہے لہٰذا اڈیالہ جیل کے سرکل نمبر 4 کو تھانہ قرار دیا جارہا ہے۔