قلات: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 12 دہشتگرد ہلاک، 18 جوان شہید
بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں سیکیورٹی فورسز نے ایک اہم دہشتگردی مخالف آپریشن کے دوران 12 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا، تاہم جھڑپ میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 18 جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، دہشتگردوں نے منگوچر میں سڑک بلاک کرنے کی کوشش کی، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر متحرک ہوئے اور ان کے عزائم کو ناکام بنایا۔
جھڑپ کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 12 دہشتگرد مارے گئے۔سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے منصوبے ناکام بنا دیے۔جھڑپ میں 18 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ دہشتگردوں کا مقصد عام شہریوں کو نشانہ بنا کر بلوچستان میں بدامنی پھیلانا تھا۔علاقے میں مزید کلیئرنس آپریشن جاری ہے، تاکہ مزید ممکنہ خطرات کو روکا جا سکے۔سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت کارروائیاں کر رہی ہیں۔بلوچستان میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے آپریشنز کو مزید تیز کرنے کا عزم دہرایا گیا ہے۔