پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کا میانمار سفارتخانے کا دورہ — زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعہ کو اسلام آباد میں میانمار کے سفارتخانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 28 مارچ کو میانمار میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔

وزیر اعظم نے سفارت خانے میں قائم تعزیتی کتاب پر دستخط کرتے ہوئے میانمار کے عوام کے ساتھ پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے یکجہتی اور ہمدردی کا پیغام درج کیا۔ انہوں نے زلزلے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کو افسوسناک انسانی سانحہ قرار دیا۔

وزیر اعظم کا استقبال پاکستان میں میانمار کی سفیر وونا ہان نے کیا، جنہوں نے اس ذاتی دورے کو "دوستانہ اور انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال” قرار دیا۔ انہوں نے زلزلے کے بعد بروقت پاکستانی امداد پر بھی شکریہ ادا کیا۔

اپنے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ”دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان میانمار کے عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔ ہم آپ کی ہمت اور استقامت کی قدر کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ آپ جلد اس آزمائش سے نکل کر دوبارہ خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوں۔”

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر ممکن انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ متاثرہ علاقوں کی بحالی میں مدد دی جا سکے۔

سفیر وونا ہان نے وزیر اعظم کے دورے کو "دوستانہ تعلقات کی گہرائی کا مظہر” قرار دیا اور کہا کہ میانمار کی حکومت اور عوام پاکستان کے جذبہ ہمدردی اور بروقت مدد کو کبھی نہیں بھولیں گے۔انہوں نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے